اسمارٹ فونز کی 5ویں بڑی مارکیٹ پاکستان تھری جی ٹیکنالوجی کیلیے تیار
کراچی: پاکستانی مارکیٹ تھری جی ٹیکنالوجی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ صارفین میں اسمارٹ فونز کے استعمال کا رجحان عام ہوچکا ہے، ساتھ ہی موبائل فون کے ذریعے انٹرنیٹ کے استعمال میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، تھری جی ٹیکنالوجی کے ذریعے تیز ترین انٹرنیٹ سروس مہیا ہوگی جو پاکستان میں کاروباری فوائد کے ساتھ ساتھ سماجی شعبے بالخصوص صحت اور تعلیم کے شعبوں کے لیے بھی انتہائی مفید ثابت ہوگی۔ حالیہ تحقیقی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں موبائل فون کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرنے والوں کی تعداد16 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اپریل 2013 کے مہینے میں 18 کروڑ 20 لاکھ ویب پیجز دیکھے گئے جن میں سے 11 فیصدپیجز تک موبائل فونز کے ذریعے رسائی حاصل کی گئی، آج کے دور میںموبائل انٹرنیٹ ٹیکنالوجی لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے، تیزموبائل انٹرنیٹ کنیکٹوٹی کی بدولت بہت سے شعبوں میں مثبت تبدیلی پیدا کی جا سکتی ہے جن میں نقل و حمل، تعلیم، صحت اور مالیاتی خدمات شامل ہیں، پاکستان میں اسمارٹ فونز کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تحقیقی رپورٹ میں پاکستان کو ایشیا کی پانچویں بڑی مارکیٹ قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان میں اسمارٹ فونز کے بڑھتے ہوئے رجحان کی ایک اور وجہ مقامی وینڈرز اور چین سے درآمدشدہ ہینڈ سیٹس ہیں جو نہایت کم قیمتوں پر دستیاب ہونے کے ساتھ مارکیٹ میں موجود برانڈڈ موبائل فونز جیسی تمام خوبیاں رکھتے ہیں، جہاں چند سال پہلے تک لوگوں کواسمارٹ فون خریدنے کے لیے40 ہزار روپے تک خرچ کرنے پڑتے تھے وہیں اب یہ ہینڈ سیٹس 10 ہزار روپے تک دستیاب ہیں۔ پی ٹی اے کے2013 کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 12 کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے تاہم پاکستان میں موبائل انٹرینٹ کے استعمال میں ایک بڑی پیشرفت تھری جی سروس کے آغاز کے بعد ہی متوقع ہے۔ اس امر میں حکومت اور ریگولیٹر کو موبائل انٹرنیٹ کی ترقی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں تمام تر وسائل کو بروئے کارلانا چاہیے، نیم دیہی علاقوں میں موجود اسکولز کے اساتذہ کو موبائل انٹرنیٹ ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کے لیے خصوصی ورکشاپس کا اہتمام کرنا چاہیے جس کی بدولت اس ٹیکنالوجی کے استعمال کے دائرے کو وسیع کرنے میں مدد ملے گی، موبائل انٹرنیٹ ٹیکنالوجی اپنے آسان اور مفید استعمال کی بدولت بہت سے شعبوں میں مثبت کارکردگی دکھا رہی ہے، زندگی کے ہر شعبے میں موبائل انٹرنیٹ کا اثر بڑھتا جا رہا ہے اور اس ٹیکنالوجی کا یہی استعمال آنے والوں وقتوں میں ملک کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
تبصرے بند ہیں.