اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ، پی سی بی آج اپیل کرے گا

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف جمعرات کو انٹراکورٹ اپیل کرے گا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ کئی ایسے معاملات اٹھائے گئے جن کا کسی فریق نے ذکر کیا نہ ہی اس پر دلائل دیے گئے، بورڈ کے روز مرہ معاملات ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا کہ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق چیئرمین ذکا اشرف کے انتخابات سے متعلق کیس میں سامنے آنے والے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل کرے گا۔ جناب جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اپنے 30 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں قرار دیا تھا کہ نجم سیٹھی عبوری نہیں بلکہ نگران چیئرمین ہیں اور انھیں بڑے فیصلے کرنے کا اختیار نہیں، اس لیے نئی سلیکشن کمیٹی بھی غیر آئینی ہے، انھوں نے بورڈ کے18 اکتوبر تک انتخابات کرانے کی ہدایت دی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارت بین الصوبائی رابطہ نے بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کردی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ایک رکنی بنچ کے فیصلے نے ہمارے معاملات کو معطل کر کے رکھ دیا، ہمیں دورئہ زمبابوے و سنگاپوراور جنوبی افریقہ سے ہوم سیریز کیلیے ٹیموں کا اکتوبر سے قبل انتخاب کرنا ہے، اس کے ساتھ پی سی بی کو میڈیا حقوق بھی فروخت کرنے ہیں جن کی مدت ختم ہوچکی، اس کے لیے فوری طور پر ٹینڈر جاری کرنے کی ضرورت ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ عدالت کے فیصلے نے آئی سی سی کی گائیڈ لائن کے حوالے سے تشویش پیدا کردی جو کرکٹ معاملات میں حکومتی مداخلت کے خلاف ہے، فیصلے میں وفاقی حکومت کو بورڈ میں ڈی ایم جی آفیسر کو سیکریٹری مقرر کرنے کا کہا گیا، اس میں الیکشن کمیشن کو پی سی بی میں انتخابات کیلیے جاری ہونے والی ہدایت بھی شامل ہے۔ اسی طرح بورڈ انتخابات سے قبل ضروری معاملات نمٹانے کیلیے کوئی واضح ہدایت موجود نہیں ہے، اس لیے بورڈ کے پاس اس کے سوا اور کوئی چارہ نہیں کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کرے۔

تبصرے بند ہیں.