اسلام آباد پولیس کا پرویز مشرف کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے سے انکار
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی كورٹ کے حکم کے باوجود تھانہ آبپارہ کی پولیس نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف لال مسجد آپریشن میں عبد الرشید غازی اور ان کی والدہ کے قتل کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا ہے۔ رجسٹرڈ تنظیم شہدا فاؤنڈیشن آف پاكستان ٹرسٹ كے ترجمان حافظ احتشام احمد کے مطابق انہوں نے ہفتہ كی صبح تھانہ آبپارہ كے ایس ایچ او سے رابطہ كركے ان سے درخواست كی كہ عدالتی حكم كے مطابق عبد الرشید غازی کے بیٹے ہارون رشید غازی آج تھانے آكر پرویز مشرف كے خلاف اپنے والد اور اپنی دادی كے قتل كے مقدمے كے اندراج كے لئے بیان ریكارڈ كرانا چاہتے ہیں مگرتھانہ آبپارہ كے ایس ایچ او غلام قاسم نیازی نے بیان ریكارڈ كرنے سے انكار كرتے ہوئے كہا كہ انہیں اب تک ہائی کورٹ کے حکم کی تحریری کاپی نہیں ملی لہٰذا وہ مقدمہ درج نہیں کرسکتے۔ حافظ احتشام احمد نے كہا كہ تھانہ آبپارہ کی پولیس اسلام آباد ہائی كورٹ كے واضح احكامات كے باوجود جانبداری كا مظاہرہ كررہی ہے اور اگر تھانہ آبپارہ كے ایس ایچ او کی جانب سے پرویز مشرف كے خلاف مقدمے كے اندراج میں تاخیر كی گئی تو یہ توہین عدالت ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہارون رشید کی درخواست کی سماعت کے بعد پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.