اسلامی بینکاری صنعت نئی مصنوعات متعارف کرائے، ہارون اگر

کراچی: پاکستان کے شعبہ بینکاری نے عالمی کساد بازاری کے باوجودگزشتہ چند سال میں بے مثال ترقی کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شعبہ بینکاری کا منافع غیرمعمولی سطح تک پہنچ چکا ہے جبکہ رسک کا تناسب بھی مقامی بینکنگ انڈسٹری میں کم ہوا ہے۔ یہ بات کراچی چیمبر کے صدر محمد ہارون اگر نے برج بینک لمیٹڈ کے صدروچیف ایگزیکٹو آفیسر احمد خضر خان کے دورہ کراچی چیمبرکے موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی، اس موقع پربرج بینک کے ایکسٹرنل ریلیشن ہیڈ باقرحسین بھی موجود تھے۔ ہارون اگرنے کہا کہ اسلامی بینکاری ومالیاتی نظام ابتدائی طور پر اگرچہ مسلم دنیا کے ساتھ مضبوط روابط کے فروغ کے لیے متعارف کرایا گیا تھا لیکن اب تجارتی وصنعتی شعبے کی جانب سے اسلامی مالیاتی نظام کو قبول کرتے ہوئے اسلامی بینکاری کے تحت کاروباری لین دین کا رحجان پروان چڑھ رہا ہےیہی وجہ ہے کہ اب اسلامی نظام معیشت کا دائرہ کارنہ صرف بڑے صنعتی زونز تک پھیل چکا ہے بلکہ عالمی مالیاتی نظام کا ناگزیرحصہ بن چکا ہے، پاکستان میں اسلامی مالیاتی نظام اگرچہ ترقی پذیر ہے لیکن بیرونی دنیا میں اس نظام کو تیز رفتاری سے فروغ حاصل ہورہا ہے، جامع اسلامی مالیاتی نظام کی غیر موجودگی میں اسلامک بینکنگ اور فنانس کی ترقی اور وسعت رکاوٹیں درپیش ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک بینکنگ اور مالیاتی نظام کو دوام بخشنے کیلیے صرف شرعی اصول ناکافی ہیں، اسلامک بینکنگ کے فروغ کیلیے صارفین اور تاجر برادری کو اعلیٰ معیاری سہولتوں کی فراہمی ضروری ہے جو اسلامک بینکنگ اور فنانس کیلیے ایک چیلنج ہے، بہترین خدمات کے ساتھ اسلامی مصنوعات کی جامع رینج فراہم کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے برج بینک لمیٹڈ کے صدر وسی ای او احمد خضر خان کراچی چیمبر آف کامرس کے تحت آئندہ ماہ منعقد ہونیوالی 10ویں ’’مائی کراچی‘‘ نمائش میں شرکت کی بھی دعوت دی۔

تبصرے بند ہیں.