اسرائیلی فوج کا فلسطینی ریلی پر تشدد،چارفلسطینی زخمی

قابض فوج نے ریلی کے شرکا کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی ،فلسطینی میڈیا

قلقیلیہ(مانیٹر نگ ڈیسک )قابض صہیونی فوج نے جمعہ کے روز فلسطینیوں کی ایک ہفتہ وار ریلی پر طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم چار فلسطینی زخمی ہوگئے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں کفر قدوم کے مقام پر فلسطینیوںنے 16 سال سے بند سڑک کھولنے کے لیے ہونے والے احتجاج کے دوران قابض فوج نے ریلی کے شرکا کو منتشر کرنے پر فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔مقامی عوامی مزاحمتی رابطہ کمیٹی کے رکن مراد اشتیوی نے بتایا کہ قابض فوج نے کفر قدوم قصبے پر دھاوا بولا اور فلسطینیوں کی نکالی گئی ریلی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 فلسطینی زخمی ہوگئے۔خیال رہے کہ گذشتہ 16 سال سے بند سڑک کھولنے کے لیے کفر قدوم کے مقام پر فلسطینی شہری گذشتہ 9 سال سے ہفتہ وار مظاہرے کرتے ہیں۔ قابضفوج نے کفر قدوم کو ملانے والی مرکزی شاہراہ سولہ سال سے بند کر رکھی ہے۔

تبصرے بند ہیں.