ادارے کے نیوٹرل رہنے سے ایک شخص کو کتنی تکلیف ہورہی ہے: خواجہ آصف

انہوں نے ترلے منتیں کرکے صدر کو آرمی چیف کے پاس بھیجا، سب سمجھ رہے ہیں مارچ اپریل تک کیوں انہوں نے آفر کی ہے: وزیر دفاع

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف  نے کہا کہ اعظم خان کہتے ہیں کہ سائفر ہم میٹنگ منٹس سے نیا بنادیں گے، عمران خان اب کہتے ہیں کہ پتا نہیں سائفر کہاں گیا  اب عمران خان کہہ رہا ہے کہ امریکا کا نام نہ لو۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ نے جرات اور بہادری کے ساتھ ظلم کا مقابلہ کیا،  ہمیں پنجاب حکومت کا کوئی خوف نہیں گرفتار کرنا ہے کرلیں، عوام کو اس کا اصلی چہرہ دکھانے کے لیے ضروری ہے کہ ہرچیز سامنے لائی جائے، آنے والے دنوں میں آہستہ آہستہ ان کو منہ چھپانے کے لیے جگہ نہیں ملے گی۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ملک ریاض سے پچاس کروڑ روپے نقد پکڑے اور ساتھ میں زمین لی، عمران خان نے اور اس کی بہنوں نے جائیدادیں بیچیں، 80 ٹرسٹ ڈیڈیں بنائیں،  اس کے سارے کے سارے بیانیے زمین بوس ہوگئے ہیں، انہوں نے ترلے منتیں کرکے صدر کو آرمی چیف کے پاس بھیجا، سب سمجھ رہے ہیں مارچ اپریل تک کیوں انہوں نے آفر کی ہے، ادارے کے نیوٹرل رہنے سے اس شخص کو کتنی تکلیف ہورہی ہے۔

خواجہ آصف  نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف افواج نے جنگ لڑی ہےاس وقت بھی شہادتیں ہورہی ہیں، خیبرپختونخوا میں آج بھی دفاع کی لڑائی فوج لڑرہی ہے وہاں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔

ان کا  کہنا تھا کہ نوازشریف واپس آئے تھے جب ان کو پتا تھا کہ گرفتار ہونا ہے اور وہ اب بھی بالکل واپس آئیں گے یہ ان کا وطن ہے۔

تبصرے بند ہیں.