نئی دہلی: بھارتی وزیرخارجہ سلمان خورشیدنے پاکستان اوربھارت کے درمیان اختلافات کی تمام دیواریں گرانے کوناگزیراوروقت کی سب سے بڑی ضرورت قراردیتے ہوئے کہاہے کہ خطے میں پائی جانے والی غیر یقینی صورتحال کوختم کرنے کیلیے مذاکرات کے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ امید ہے نواز شریف وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے حالیہ بیانات پر عملدرآمد کرائیں گے۔ایک انٹرویو میں انھوں نے بھاررت کے لوگوں میں اعتماد پیداکرنے کیلیے پاکستان کو بھارت مخالف سرگرمیاں بند کرنے سمیت سخت نوعیت کے اقدامات اٹھانا ہونگے تاکہ ایک ایسی فضاقائم ہوسکے جس سے بھارت کے لوگوں کویہ یقین ہوجائے کہ دونوں ممالک نے جومذاکرات دوبارہ بحال کیے ہیں ان سے نتائج برآمد ہوں گے، ممبئی حملوں کی تحقیقات اور پاکستانی سرزمین بھارت مخالف سرگرمیوں کیلیے استعمال نہ کرنے کے نواز شریف کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سلمان خورشیدنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نے ایسے بیانات تب دیے جب ان کی پارٹی نے قومی اسمبلی میں کامیابی حاصل کی۔اب دیکھنا یہ ہے کہ جب نواز شریف وزارت عظمیٰ کی کرسی پربیٹھتے ہیں توان بیانات پرعمل کرتے ہیں یانہیں۔آن لائن کے مطابق پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنرشرت سبھروال نے کہاہے کہ نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی نئی متوقع حکومت بھارت کے ساتھ مذاکرات میں انتہائی سنجیدہ ہے،دونوں ممالک کے درمیان برف پگھلناشروع ہوچکی،نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم منموہن جلدایک دوسرے کو گلے لگالیں گے،دونوں ممالک کی قیادت مذاکرات کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ ہے اورگزشتہ کچھ دنوں سے اس حوالے سے مثبت کوششیں ہورہی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.