احتساب کے بغیر کسی بھی ملک میں بہتر طرز حکمرانی ممکن نہیں، چیف جسٹس
اسلام آباد: چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ نظام کے تسلسل کے لئے مقتدر قوتوں کو جمہوریت کے ذریعے ہی آگے بڑھنا ہوگا اوراحتساب کے بغیر کسی بھی ملک میں بہتر طرز حکمرانی ممکن نہیں۔ اسلام آباد میں قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے لئے جوڈیشل پالیسی بنائی گئی جس کے ثمرات نظر آرہے ہیں، احتساب کے بغیر کسی ملک میں بہتر طرز حکمرانی ممکن نہیں، کڑا احتساب ہی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری عمل کے ذریعے پرامن طریقے سے انتقال اقتدار ہوچکا اب مقتدر قوتوں کو جمہوریت کے ذریعے ہی آگے بڑھنا ہوگا تاکہ جمہوری نظام میں تسلسل قائم ہوسکے۔ چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے کہا کہ جوڈیشل افسران کو الیکشن کمیشن کی درخواست پر پہلی بار انتخابی عمل میں ذمہ داریاں سونپی گئیں اور انہوں نے ریٹرننگ افسران کی حیثیت سے آزاد عدلیہ کا کردار اجاگر کیا۔
تبصرے بند ہیں.