اسلام آباد:
پاناما لیکس کیس میں وزیراعظم کے بچوں نے جواب جمع کرا دیئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز وزیراعظم کے زیر کفالت نہیں جب کہ تینوں بچے کسی سرکاری عہدے پر فائز نہیں ہیں جب کہ عدالت نے فریقین سے کیس سے متعلق تمام دستاویزات طلب کر لی ہیں۔
سپریم کورٹ میں پاناما لیکس سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ کر رہا ہے۔ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے استفسار کیا کہ کیا وزیراعظم کے بچوں کے جواب جمع کرا دیئے گئے ہیں جس پر سابق اٹارنی جنرل اور وزیراعظم کے وکیل سلمان بٹ نے عدالت کو بتایا کہ مریم، حسن اور حسین نواز کے جوابات جمع کرا دیئے گئے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.