دبئی:
آئندہ برس انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں پاک، بھارت میچ کے ٹکٹس پر شائقین ٹوٹ پڑے، آئی سی سی کواس حوالے سے سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، ایونٹ کیلیے مجموعی طور پر4 لاکھ 17 ہزار ٹکٹوں کی درخواستیں سامنے آئیں، 15 میں سے 11 میچز کی ٹکٹوں کیلیے حکام کو زائد درخواستیں ملیں، لہٰذا فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا، باقی ٹکٹیں27 اکتوبر کو دوپہر 2 بجے سے فروخت کیلیے پیش کردی جائیں گی، کونسل نے شائقین کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی مایوسی سے بچنے کیلیے ٹکٹیں آفیشل ذرائع سے ہی حاصل کریں۔
تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی ٹکٹس کیلیے آئی سی سی کو60 ممالک سے 417,000 ٹکٹس درخواستیں موصول ہوئیں، زیادہ تر لوگوں نے پاکستان اور بھارت میچ کے ٹکٹ طلب کیے ہیں، انگلینڈ بمقابلہ آسٹریلیا میچ اور فائنل میں بھی لوگوں نے خاصی دلچسپی دکھائی ہے، ان میچز کی ہر شرح قیمت میں حکام کو زائد درخواستیں ملیں۔
تبصرے بند ہیں.