پارا چنار کے مرکزی بازارمیں 2 بم دھماکے، 40 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی

کرم ایجنسی: پارا چنارکے مرکزی بازار میں یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکوں کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔  پہلا دھماکا قصائی چوک اوردوسرا تیواڑ اڈا کے قریب ہوا جبکہ دونوں دھماکوں میں بم موٹر سائیکل میں نصب کئے گئے تھے، مرکزی بازار میں جس وقت دھماکا ہوا تو اطراف کی آبادی کے لوگ افطاری کا سامان خرید رہے تھے، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے جبکہ اسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔ دوسری جانب پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق دھماکوں میں ٹائم بم استعمال ہوئے، دھماکے اتنے زور دار تھے کہ ان کی آواز ایجنسی بھر میں سنائی دی جبکہ 12 گاڑیوں اور کئی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بازار کو بند کرادیا گیا۔ اس سے قبل آج سہ پہر اپر کرم ایجنسی میں بھی ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا تھا جس میں مسافر گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئےتھے۔

تبصرے بند ہیں.