مصباح الحق نے آئی سی سی کا دل بھی جیت لیا

دبئی: 

قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے اپنے بہترین رویے سے غیروں کا بھی دل جیت لیا جب کہ آئی سی سی نے انہیں اسپرٹ آف کرکٹ اعزاز سے نواز دیا۔

پاکستانی کپتان مصباح الحق کے عمدہ کھیل اور رویے کو ملک میں تو خاصا سراہا جاتا ہے اب آئی سی سی بھی اس کے اعتراف پر مجبور ہو گئی،انھیں اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا،انھوں نے اپنی زیرقیادت گرین کیپس کو تاریخ میں پہلی بار ٹیسٹ رینکنگ میں عالمی نمبر ون ٹیم بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، ستمبر 2015 سے ستمبر 2016 تک کی کارکردگی کی بنیاد پر آئی سی سی ایوارڈز میں بھارتی روی چندرن ایشون سال اور ٹیسٹ کے بہترین کرکٹر قرار پائے، اس عرصے میں اسپنر نے 8 ٹیسٹ میں 48 وکٹیں حاصل کیں اور 336 رنز بنائے، انھوں نے 19 ٹوئنٹی 20 میچز میں 27 شکار کیے، رواں سال اسپنر 12 ٹیسٹ میں 72 وکٹیں لے چکے، نیوزی لینڈ کیخلاف کانپور ٹیسٹ میں انھوں نے تیز ترین 200 شکار کرنے والے بولر کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، راہول ڈریوڈ اور سچن ٹنڈولکر کے بعد ایشون بہترین کرکٹر کی سر گار فیلڈ سوبرز ٹرافی جیتنے والے تیسرے بھارتی کرکٹر ہیں۔

تبصرے بند ہیں.