شادی شدہ خاتون زیر کفالت کی تعریف میں نہیں آتی، وکیل مریم صفدر

اسلام آباد: 

پاناما کیس میں مریم صفدر کے وکیل شاہد حامد کا کہنا ہے کہ شادی شدہ خاتون زیر کفالت افراد کی تعریف میں نہیں آتی۔

پاناما کیس کی سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 5 رکنی بنچ کر رہا ہے۔ سماعت کے دوران مریم صفدر کے وکیل شاہد حامد کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ مریم نواز کے انٹرویو کا ٹراسکرپٹ تیار کر لیا گیا ہے جو عدالت کو فراہم کر دیا جائے گا، مریم نواز نے انٹرویو میں اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کا جواب دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے زیر کفالت نہ ہونے پر دلائل دوں گا جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ 2011 کے ٹیکس فارم میں مریم نواز کو زیر کفالت دکھایا گیا ہے۔ شاہد حامد نے جواب دیا کہ اگر کوئی شادی شدہ خاتون والدین کے ساتھ رہے تو وہ زیر کفالت کے دائرے میں آئے گی لیکن زیر کفالت کی کوئی خاص تعریف نہیں اس میں بزرگ اور بیروزگار افراد کو شامل کیا جاسکتا ہے، زیر کفالت کی تعریف میں بیوی اور نابالغ بچے بھی آتے ہیں اور زیر کفالت کے معاملے پر انکم ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.