صنعا:
یمن میں سعودی اتحادی افواج کی بمباری کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک ہوگئے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی اتحادی افواج کے جنگی طیاروں نے یمن کے جنوب مغربی شہر طئیز میں حوثی باغیوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 23 شہری ہلاک ہوگئے۔ مقامی نیوز ایجنسی صبا نیوز کے مطابق سعودی اتحادی افواج کے لڑاکا طیارے نے طئیز میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں عام شہری سوار تھے جب کہ ہلاک ہونے والوں میں 6 بچے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب فوجی حکام نے کارروائی میں 20 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے حملے کو غلطی قرار دیا جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کی اطلاع پر گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تاہم غلطی سے شہریوں کی گاڑی تباہ ہوئی۔
تبصرے بند ہیں.