Latest National, International, Sports & Business News

کمزور زمبابوے پر بھرپور حملوں کیلیے تیاریاں مکمل

لاہور: کمزور زمبابوے پر بھرپور حملوں کیلیے پاکستان نے تیاریاں مکمل کرلیں، تربیتی کیمپ گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگیا۔ کرکٹرز کو وڈیوز کے ذریعے ناتجربہ کار ٹیم کی خوبیوں اور خامیوں سے آگاہ کردیا گیا، بعد ازاں2گھنٹے تک فزیکل ٹریننگ کرائی گئی، شام کا سیشن بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کیلیے مختص رہا، پہلے مرحلے میں ٹوئنٹی20 اسکواڈ اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہرارے روانہ ہوگا، اس سے قبل قومی ٹیم فٹنس مسائل کے شکار عمر اکمل کی خدمات سے محروم ہوگئی، وکٹ کیپر بیٹسمین کا خلا پُر کرنے کیلیے سرفراز احمد کو شامل کرلیا گیا، انٹرنیشنل ڈیبیو کے منتظر صہیب مقصود نے کمر کی انجری سے نجات حاصل کرلی،یوں کیریئر کی اولین مہم سے باہر ہونے کا خدشہ ٹل گیا۔ تفصیلات کے مطابق کمزور حریف زمبابوے کیخلاف بھی انجانے خوف کا شکار نظر آنے والی پاکستانی ٹیم نے تیاریاں مکمل کرلیں، نئے ٹیلنٹ کو آزمانے کے سنہری موقع سے فائدہ اٹھانے کے بجائے میزبان سائیڈ کے ساتھ بھرپور قوت سے ٹکرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب ٹوئنٹی20 اسکواڈ لاہور سے براستہ دبئی ہرارے روانہ ہو گا، اس میں ناصر جمشید، عمر امین، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، سرفراز احمد، سعید اجمل، محمد عرفان، جنید خان، ذوالفقار بابر، اسد علی، انور علی، حارث سہیل شامل ہیں، ٹیم آفیشلز میں معین خان منیجر، ڈیو واٹمور چیف کوچ، جولین فائونٹین فیلڈنگ کوچ، شاہد اسلم اسسٹنٹ منیجر، صبور احمد ٹرینر، ڈاکٹر ریاض احمد فزیوتھراپسٹ، کرنل وسیم احمد شاہد سیکیورٹی منیجر اور محمد طلحہٰ اعجاز وڈیو اینالسٹ شامل ہوں گے، کپتان محمد حفیظ اور اوپنر احمد شہزاد ویسٹ انڈیز جبکہ سہیل تنویر انگلینڈ سے زمبابوے پہنچ کر ساتھیوں کو جوائن کریں گے۔ ٹیم کا تربیتی کیمپ گزشتہ روز لاہور میں اختتام پذیر ہوگیا، کھلاڑیوں کو ایک گھنٹے تک وڈیوز کے ذریعے حریف سائیڈ کی خوبیوں اور خامیوں کے بارے میں بتایا گیا۔بعد ازاں2 گھنٹے تک فزیکل ٹریننگ کرائی گئی، شام کا سیشن بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کیلیے مختص ہوا۔دوسری طرف ٹیم کے ایک اہم رکن عمر اکمل انجری کا شکار ہوکر سیریز سے آئوٹ ہوگئے،ٹوئنٹی20 اور ون ڈے اسکواڈز میں شامل وکٹ کیپر بیٹسمین دیگر 3 کرکٹرز مصباح الحق، محمد حفیظ اور احمد شہزاد کے ہمراہ کیریبیئن لیگ میں شریک تھے،انھیں ویسٹ انڈیز سے براہ راست ٹیم کو جوائن کرنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن گزشتہ روز اطلاعات سامنے آئیں کہ وہ انجرڈ ہوگئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پریس ریلیز میں بتایا گیاکہ عمر اکمل کے فٹنس مسائل کی ویسٹ انڈیز سے تصدیق ہوگئی ہے،انھیں فوری طور پر وطن واپس آنے کی ہدایت کردی گئی، یہاں ان کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوان بیٹسمین اچانک چکر آنے پر انتہائی نقاہت محسوس کررہے تھے جس کے بعد انھیں رات اسپتال میں گزارنا پڑی۔ دوسری طرف قومی سلیکشن کمیٹی نے فوری طور پر فیصلہ کرتے ہوئے بطور متبادل سرفراز احمد کو اسکواڈ میں شامل کرلیا،کراچی سے تعلق رکھنے والے وکٹ کیپر کو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں مایوس کن کارکردگی کے بعد ڈراپ کردیا گیا تھا۔ دوسری طرف پی سی بی کے میڈیکل کمیشن نے انٹرنیشنل ڈیبیو کے منتظر صہیب مقصود کو فٹ قرار دیتے ہوئے اسکواڈ کے ساتھ جانے کا پروانہ جاری کردیا،وہ این سی اے میں کیمپ کے دوران کمر کی انجری کا شکار ہوئے جس کے بعد آرام کا مشورہ دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ قومی ٹیم دورئہ زمبابوے میں 2 ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

Comments

comments

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.