Latest National, International, Sports & Business News

پاکستانی بیٹنگ کی حواس باختگی جاری ، جیتا میچ ہار دیا ، آسٹریلیا کا کلین سویپ

ابوظہبی میں جاری تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک رن سے شکست دے کر ایک روزہ سیریز تین صفر سے جیت کر کلین سویپ کر لیا ہے۔

ابو ظہبی () آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو جیت کے لیے 232 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے شہزاد اور سرفراز نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 56 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب شہزاد 26 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے قابل ذکر بیٹنگ سرفراز نے کی جنھوں نے 32 رنز سکور کیے اور اسد شفیق نے 73 گیندوں میں 50 رنز سکور کیے۔ فواد عالم صفر پر آوٹ ہوئے۔ عمر امین پاکستان کو جیت سے قریب کرنے کی کوشش میں 19 رنز پر آوٹ ہوئے اور کپتان آفریدی صرف 6 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے اور دراصل وہی واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے دیگر کی نسبت کم ترین رنز بنائے اورکیچ پکڑانے کی اپنی عادت نہ چھوڑی۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے ابتدائی بلے بازوں نے انتہائی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 48 رنز پر گری جب ایرن فنچ انور علی کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر اور مڈل آرڈر سٹیفن سمتھ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور سو رنزتک پہنچا دیا جب ڈیوڈ وارنر نصف سنچری مکمل کر کے شاہد آفریدی کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔ سٹیفن سمتھ نے 77 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ میچ کے درمیانی اوروں میں پاکستانی باولروں نے قدرے بہتر بولنگ کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلیا کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ میچ کے اختتامی اوروں میں آل راونڈر فوکنر نے 33 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 231 تک پہنچا دیا۔ پاکستان کی جانب سہیل تنویر سب سے کامیاب باولر رہے اور دس اوروں میں چالیس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ یاد رہے کہ اس میچ میں کپتان مصباح الحق اور بیٹسمین عمر اکمل نہیں کھیلے۔ مصباح الحق کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنی خراب بیٹنگ فارم کے پیش نظر خود یہ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیم انتظامیہ نے عمر اکمل کو ڈراپ کر دیا ہے۔ –

Comments

comments

تبصرے بند ہیں، لیکن فورم کے قوائد اور لحاظ کھلے ہیں.