Latest National, International, Sports & Business News

مانسہرہ، سکھر اور تلہ گنگ میں ٹریفک حادثات، 17 افراد جاں بحق

مانسہرہ میں مسافر کوچ کو پیش آنے والے حادثہ میں فورسز کے دو جوانوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ سکھر میں تیز رفتار ٹرالر گاڑیوں پر چڑھ دوڑا، 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ چکوال روڈ پر کار اور وین میں تصادم سے وین میں آگ لگ گئی، 2 خواتین اور 2 بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

مانسہرہ/سکھر/ تلہ گنگ: () مسافر کوچ راولپنڈی سے سکردو جا رہی تھی۔ حادثہ مانسہرہ میں گاندھیان کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کوچ موڑ کاٹتے ہوئے اُلٹ گئی۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں پاک فوج کے 6 جوان بھی شامل ہیں جو سکردو ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔ واقعے کے بعد مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ جاں بحق مسافروں کی لاشوں کو شاہ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ میں رکھا گیا ہے جہاں دو کی شناخت ہو گئی ہے جس میں پاک فوج کے سپاہی جعفر حسین اور عبدالکریم شامل ہیں۔ دوسری جانب سکھر کے علاقے سبزی منڈی میں ایک تیز رفتار ٹرالر گاڑیوں پر چڑھ دوڑا اور کئی افراد کو بُری طرح کچل ڈالا۔ خوفناک حادثے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق پولیس حادثے کا شکار ہونے والے ٹرالر کا پیچھا کر رہی تھی جو تیز رفتاری سے گاڑیوں کو روندتا ہوا وہاں موجود لوگوں پر چڑھ گیا۔ امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر جاں بحق افراد اور زخمیوں کو ایمبیولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا۔ شہری حادثے میں زخمی افراد کو بروقت امداد نہ ملنے پر مشتعل ہو گئے اور توڑ پھوڑ شروع کر دی۔ صورتحال کے پیش نظر موقع پر پولیس کی بھاری نفری طلب کرنا پڑی۔ مشتعل شہریوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ ادھر تلہ گنگ کے قریب چکوال روڈ پر کار اور مسافر وین میں تصادم سے وین میں آگ لگ گئی۔ آگ کے باعث 2 خواتین اور دو بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔

Comments

comments

تبصرے بند ہیں، لیکن فورم کے قوائد اور لحاظ کھلے ہیں.