مالیاتی اداروں کو ادائیگیاں، بیرونی قرضے6ارب ڈالر کم ہو گئے
کراچی: آئی ایم ایف کو قرضوں کی اقساط کی شیڈول کے مطابق ادائیگیوں کے سبب ملک پر عائد بیرونی قرضوں اور واجبات کا بوجھ 6 ارب ڈالر کم ہوگیا۔ قرضوں کی مجموعی مالیت 59 ارب 56کروڑ ڈالر رہ گئی۔ گزشتہ مالی سال بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور دیگر مالیاتی اداروں کو6 ارب ڈالر ادائیگی کی گئی جس سے ملک پر عائد قرضوں کے بوجھ میں کچھ کمی ہوئی تاہم قرضوں کی واپسی کے نتیجے میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں کمی ہوئی لیکن اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرونی قرضوں کی ادائیگی بیمار معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق سال 2008کے بعد سے پاکستان نے عالمی سطح پر کوئی قرضہ نہیں لیا جبکہ رواں ماہ آئی ایم ایف کو29 کروڑ ڈالر قرضہ کی ادائیگی کی گئی، 26 اگست کو مزید 39 کروڑ ڈالر ادائیگی کی جائے گی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق 30جون تک پاکستان کے بیرونی قرضوں اور واجبات کی مالیت 9 فیصد کمی سے 59ارب 56 کروڑ ڈالر رہ گئی جو مالی سال 2012 میں 65ارب47 کروڑ ڈالر تھی۔