مائیکرو سافٹ کا نیا آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 10 کی آمد آم
کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی مائیکروسافٹ نے اپنے جدید ترین آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 10 کی ابتدائی معلومات پیش کی ہیں۔ یہ ونڈوز کے موجودہ کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم ونڈوز 8 کی جگہ لے گا۔
ریڈمنڈ (نیٹ نیوز) عالمی میڈیا کے مطابق یہ آپریٹنگ سسٹم موبائل فون ، ٹیبلٹ ، پی سی ، ایکس باکس گیمز کنسولز وغیرہ جیسے مختلف قسم کے آلات کے لیے کارآمد ہوگا اور اسے پہلی بار براہِ راست انٹرنیٹ سے ڈاون لوڈ کیا جا سکے گا۔ ونڈوز 10 میں ایک بار پھر سے سٹارٹ مینو واپس آ گیا ہے جو ونڈوز 8 سے ہٹا لیا گیا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ سٹارٹ مینو کی واپسی اور ان سہولتوں کی فراہمی کا مقصد ونڈوز 7 اور ونڈوز 8 کے صارفین کو ہم آہنگی کا احساس دلانا ہے۔ اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں صارفین کی پسندیدہ ایپلیکیشنز کی فہرست کے علاوہ لائیو ٹائلز بھی ہوں گے اور ٹائلز اور مینیوز کو مرضی کے مطابق بڑا چھوٹا کرنے کی سہولت دستیاب ہو گی۔ ماہرین سٹارٹ مینیو کو ناگزیر قرار دیتے ہیں کیونکہ اس کے ذریعے تازہ ای میلز، فیس بک میسیجز اور موسم کی پیش گوئیوں کی اپ ڈیٹس سے متعلق ایپلیکیشنز کی جاری کردہ تازہ معلومات فوری طور پر حاصل ہو سکیں گی۔ اپنے پیش رو آپریٹنگ سسٹم کے برخلاف اس کے صارفین کو ڈیسک ٹاپ موڈ سے ٹچ فوکسڈ موڈ کے متبادل میں منتقل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ونڈوز 8 پر اپنے گذشتہ ورژن سے بہت زیادہ مختلف ہونے کے لیے تنقید ہوئی تھی اور اس وجہ سے بہت سے بڑے ادارے اس سے دور ہی رہے۔ ونڈوز 8 میں ابتدا میں سٹارٹ بٹن نہیں تھا لیکن بعد میں جب اس میں یہ بٹن شامل کیا گیا تو یہ یا تو ٹچ فوکسڈ انٹر فیس پر جاتا تھا یا پھر ماوس پریس نظام پر جبکہ نئے نظام میں دونوں پر بیک وقت جانا ممکن ہوگا۔ ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں پھیلے ٹیکنالوجی کے صارفین کے لیے بہترین اور جدید ترین ٹیکنالوجی فراہم کراتے رہنے کے لیے مائکروسافٹ کو متبادل کی ضرورت تھی اور ونڈوز 10 ان کی بہترین پیشکش ہے۔ تازہ سروے کے مطابق مجموعی طور پر پی سی کی دنیا میں صرف 13 فیصد کمپیوٹروں پر ونڈوز 8 سسٹم استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے برعکس 50 فیصد کمپیوٹروں پر ونڈوز 7 اور 24 فیصد کمپیوٹروں پر ونڈوز ایکس پی استعمال ہو رہی ہے۔ یاد رہے کہ اب مائیکروسافٹ ونڈوز ایکس پی کو سپورٹ نہیں کرتی۔ اس ہفتے مائیکرو سافٹ اپنے ابتدائی صارفین کو ونڈوز کا ’ٹیکنیکل پریویو فراہم کرے گا۔ – f
تبصرے بند ہیں، لیکن فورم کے قوائد اور لحاظ کھلے ہیں.