Latest National, International, Sports & Business News

عالمی بنک نے پاکستان کے لیے 70کروڑ ڈالر کا قرضہ منظور کر لیا

عالمی بینک نے پاکستان میں دو منصوبوں کے لیے700 ملین امریکی ڈالر کا قرضہ منظور کر لیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق یہ قرضہ رعایتی اور سستا ہے،جسے پاکستان 25 سال کے دوران واپس کرے گا۔

واشنگٹن (ویب ڈیسک)عالمی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پیر کو ہونے والے اجلاس میں اس قرضے کی منظوری دی ہے۔جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق 4500 میگا واٹ کے دانسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 60کروڑ جب کہ سندھ واٹر ایری گیشن منصوبے کے لیے 10کروڑ امریکی ڈالر کے قرضے کی منظوری دی گئی۔خیال رہے کہ عالمی بینک اس سے قبل یکم مئی 2014 کو پاکستان کے لیے ایک ارب امریکی ڈالر کی منظوری دے چکا ہے،جب کہ بنک پانچ سالوں کے دوران مجموعی طور پر 12ارب ڈالر کے قرضے دئیے جائیں گے۔پاکستان کے وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دانسو ہائیڈرو پراجیکٹ صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع کوہستان میں واقع ہے جبکہ سندھ واٹر ایری گیشن منصوبے سے صوبے میں ایری گیشن کی بہتری میں مدد ملے گی۔انھوں نے کہا کہ وزارت ِخزانہ یو ایس ایڈ کے ساتھ دایا میر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں رواں برس ستمبر میں واشنگٹن میں سرمایہ کاروں کی ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی بینک کی جانب سے منظور ہونے والا قرضہ وزیرِ اعظم نواز شریف کی پالیسیوں پر عالمی ادارے کے اعتماد کا اظہار ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت ملک کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنانے کے لیے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے گی۔ –

Comments

comments

تبصرے بند ہیں، لیکن فورم کے قوائد اور لحاظ کھلے ہیں.