ضمنی انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل، الیکشن کمیشن کا سیکیورٹی پلان تیار
ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 42 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے پولنگ کے دوران سیکیورٹی پلان بھی ترتیب دے دیا ہے۔ 22 اگست کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 42 نشستوں پرہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے پاس انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے۔ الیکشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق رات 12 بجے سے انتخابی مہم ختم کردی جائے گی۔ تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ کل ہی پہنچ جائے گا جو رات پولنگ اسٹیشنز پر ہی قیام کرے گا،پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی، پولنگ کے دوران موبائل فون کے استعمال پر مکمل پوبندی ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر جبکہ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج کے اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سیکیورٹی پلان کے مطابق نارمل پولنگ اسٹیشن ہر 5 سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ حساس قرار دیئے گئے پولنگ اسٹیشن پر 7 اور حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر 10 سے 20 اہلکار تعینات کیے جائیں گے،جو پولیس اور رینجرز کے ساتھ فرائض انجام دیں گے، اس کے علاوہ انتخابی حلقوں میں فوج کو الرٹ بھی رکھا جائے گا جسے کسی بھی مقام پر قیام امن کے لئے طلب کیا جاسکتا ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق ضمنی انتخابات کے لیے اندرون سندھ کے علاوہ لاہور اور فیصل آباد میں فوج کی تعیناتی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ کراچی کے 3 حلقوں میں فوج کی تعیناتی آج کردی جائے گی ، کسی بھی قسم کی غیر قانونی کارروائی کو روکنے کے لئے پریذائیڈنگ افسران کے علاوہ وہاں تعینات پاک فوج کے افسر کو بھی مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کردیئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ 22 اگست کو کراچی سمیت سندھ میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 7 ، پنجاب کی 14، خیبر پختونخوا میں 9 جبکہ بلوچستان میں 4 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہورہے ہیں۔