ایمرجنگ ٹیمز کپ؛ پاکستان ٹیم بھارتی دیوار گرانے میں ناکام
اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز کپ میں پاکستانی ٹیم بھارتی دیوار گرانے میں ناکام ہوگئی، سفر کے آغاز پر ہی انڈر 23 ٹیم کو 3 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑگیا۔ بھارت نے 7 وکٹ پر 192 کا ہدف حاصل کرلیا، انمکت چند نے 61 رنز بنائے، رضاحسن نے تین اور محمد نواز نے دو وکٹیں لیں، اس سے پہلے پاکستانی سائیڈ نے 7 وکٹ پر 191 رنز اسکور کیے، عثمان صلاح الدین 61 اور عمر وحید 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سندیپ واریر نے تین وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق سنگاپور میں جاری ایشین کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ایمرجنگ ٹیمز کپ میں پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں تین وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی ٹیم کو فتح کیلیے 192 رنز کا ہدف ملا، انڈر 19 ورلڈ کپ فاتح کپتان انمکٹ چند نے 61 اور لوکیش راہول نے 41 رنز بناکر اپنی ٹیم کو مضبوط پلیٹ فارم فراہم کیا۔دونوں نے پاکستانی فرنٹ لائن بولرز کے خلاف بہترین کھیل پیش کیا اور زیادہ توجہ ڈبلز اور تین رن لینے پر مرکوز رکھی گیند کو خال خال ہی باؤنڈری کی راہ دکھائی، 84 پر اس شراکت کا انجام لیفٹ آرم اسپنر محمد نواز کے ہاتھوں ہوا جنھوں نے راہول کو 46 رنز پر بولڈ کیا، انمکڈ چند نے 61 رنز بنائے اگرچہ بھارتی مڈل آرڈر زیادہ حصہ نہیں ڈال پایا مگر اس کے باوجود بھارتی ٹیم نے کالنگ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں 13 بالز قبل 3 وکٹوں سے فتح سمیٹ لی۔ اس سے قبل نوجوان ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں نے اپنے سینئرز کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آغاز میں ہی آؤٹ ہوکر مڈل آرڈر پر دباؤ بڑھایا۔ بابر اعظم 2، عظیم گھمن 3 اور بلاول بھٹی 7 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر عثمان صلاح الدین اور عمر وحید نے احتیاط سے کھیلتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی، دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنے، لیفٹ آرم اسپنر اکشار پٹیل نے خاتمہ کیا، بعد میں گرنے والی وکٹوں سے رنز اسکور کرنے کی رفتار مزید سست ہوگئی، یوں پاکستان نے 7 وکٹ پر 191 رنز اسکور کیے۔